
راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 11 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر دتہ خیل کے علاقے میں مؤثر کارروائی کی۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کیے جانے والے ان آپریشنز میں خوارج کے متعدد خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، بارود اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ ترجمان کے مطابق مارے جانے والے یہ دہشت گرد علاقے میں سکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے سے دہشت گردوں کے ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر پسماندگان کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اور پاک فوج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔









