
اسلام آباد:نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے رات گئے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس گفتگو میں علاقائی صورتحال اور اہم سفارتی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان پاکستان کی جانب سے کی جانے والی حالیہ سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں خاص طور پر پاکستان کی سہولت کاری سے جاری مختلف سفارتی رابطوں اور ان کے ثمرات پر گفتگو کی گئی۔گفتگو کے دوران اسحاق ڈار اور بدر عبدالعاطی نے اس بات پر زور دیا کہ خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔ تنازعات کے حل اور پائیدار امن کے لیے سفارتی چینلز کو متحرک رکھنا ناگزیر ہے۔
دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی مسلسل سفارتی روابط جاری رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ رابطہ پاکستان کی اس متحرک خارجہ پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت برادر اسلامی ممالک اور عالمی طاقتوں کے ساتھ مل کر عالمی چیلنجز کا حل تلاش کیا جا رہا ہے۔









