
ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اہم ملاقات کی، جس میں دورۂ ایران، علاقائی صورتحال اور ملک کی داخلی سکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے اپنے متوقع دورۂ ایران کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا اور اس سلسلے میں مختلف سفارتی و علاقائی امور پر مشاورت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے وزیر داخلہ کو اہم ہدایات اور رہنمائی فراہم کی۔
ملاقات کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں پیش رفت اور اس کے خطے پر ممکنہ اثرات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو ملک کی مجموعی داخلی سکیورٹی صورتحال، امن و امان کے اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔









