
بیجنگ : وزیراعظم محمد شہباز شریف عوامی جمہوریہ چین کے صوبے ژی جیانگ کے شہر ہانگژو کا اپنا اہم اور مصروف سرکاری پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد آج چینی دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔
بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے پر چین کے وزیر برائے ماحولیات جناب ہوانگ رون چیو نے اعلیٰ سطح کے پاکستانی وفد اور وزیراعظم شہباز شریف کا شاندار استقبال کیا۔
بیجنگ روانگی سے قبل، وزیراعظم نے ہانگژو میں تیسری پاک چین بی ٹو بی (B2B) انویسٹمنٹ کانفرنس کی افتتاحی تقریب کی صدارت کی، جس میں چارجنگ انفراسٹرکچر، بیٹری انرجی اسٹوریج، سولر ٹیکنالوجیز اور فارماسیوٹیکل (ادویات سازی) کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے ژی جیانگ کی صوبائی قیادت کے علاوہ چین کی مایہ ناز اور معروف عالمی کمپنیوں، جن میں اسٹار چارج، سی اے ٹی ایل اور ژیوزینگ فارماسیوٹیکل شامل ہیں، کے اعلیٰ حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد پاکستان میں گرین انرجی، الیکٹرک وہیکلز اور ہیلتھ کیئر کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی یقینی بنانا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر اور وزیراعظم سمیت دیگر اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں، جن میں سی پیک کے دوسرے مرحلے اور دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے پر بات چیت کی جائے گی۔









