
(ویب ڈیسک) رویت ہلال ریسرچ کونسل کی جانب سے پاکستان میں محرم الحرام کے چاند سے متعلق پیش گوئی کی گئی ہے۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کا کہناہے کہ نیا چاند 15 جون 2026ء کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا۔ لیکن اسی روز غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 12 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی، جبکہ ہلال کی رویت کے لیے عموماً چاند کی عمر 18 گھنٹے سے زائد ہونا ضروری سمجھی جاتی ہے۔
خالد اعجاز مفتی نے کہا کہ غروب شمس اور غروب قمر کے درمیان وقفہ بھی رویت ہلال کیلئے اہم ہوتا ہے۔ 15 جون کی شام کراچی میں یہ فرق 37 منٹ جبکہ پشاور میں 42 منٹ ہوگا،لیکن چاند کی کم عمر کے باعث رویت کے امکانات موجود نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ چاند کی عمر 18 گھنٹوں سے کم ہونے کی وجہ سے مطلع صاف ہونے کی صورت میں بھی 15 جون کی شام ہلال کی رویت ننگی آنکھ، دوربین یا حتیٰ کہ ٹیلی سکوپ کے ذریعے بھی ممکن نہیں ہوگی۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق ذوالحجہ 1447 ہجری کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد یکم محرم الحرام 1448 ہجری بدھ 17 جون 2026ء کو ہوگی۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے چاند کی رویت کا شرعی اور حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کونسل کرے گا۔









