
اسلام آباد: پاکستان نے پہلگام واقعے سے متعلق بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات اور پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی بھارتی کوششیں بے بنیاد اور قابلِ مذمت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ بھارت اپنے داخلی سیاسی مفادات کے لیے جھوٹا بیانیہ تشکیل دے رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق آپریشن بنیان مرصوص کے بعد بھارت کی جانب سے سامنے آنے والے الزامات ایک منظم پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارت کی یہ مہم اصل مسائل سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں حقِ خودارادیت کی مسلسل خلاف ورزیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے اشتعال انگیز بیانات اس کے جارحانہ رویے کی عکاسی کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا اقدام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے پر آمادہ کرے اور خطے میں امن کو نقصان پہنچانے والے اقدامات سے گریز کیا جائے۔









