
ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما اور ضلع بھمبر کی تحصیل برنالہ میں زکوٰۃ و عشر کمیٹی کے سابق چیئرمین چوہدری عدالت کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ جمعرات کے روز پنگالی موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں پی ٹی آئی رہنما عدالت سے واپسی پر اپنے بھتیجے اور ایک دوست کے ہمراہ گاڑی میں سوار تھے۔ اسی دوران گھات لگائے حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں چوہدری عدالت موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ گاڑی میں موجود دیگر دو افراد محفوظ رہے۔ تاہم واقعے کے دوران وہاں سے گزرنے والی ایک خاتون اور ایک بچہ بھی گولیوں کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور واردات کے بعد کالی گاڑی میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مقتول مختلف مقدمات میں نامزد تھے اور ان کی متعدد افراد سے دشمنیاں بھی چل رہی تھیں، جس کے باعث واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ مقتول کے لواحقین میں ان کے بھائی چوہدری دلاور اور چوہدری مدثر مہندی شامل ہیں۔









