
سکردو / گلگت:گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات 2026ء کے لیے سیاسی دنگل حتمی اور سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، جہاں تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے میدان مارنے کے لیے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔ انتخابی مہم میں اب محض چند روز باقی رہ گئے ہیں اور آج سے انتخابی مہم کے سب سے بڑے راؤنڈ کا آغاز ہو رہا ہے۔
نمائندہ نیو نیوز اسلام آباد فرہاد کھوکھر کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج سکردو پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ انتخابی محاذ پر خود کمانڈ سنبھالیں گے۔ سکردو آمد پر بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے امیدواروں اور تنظیمی عہدیداروں سے اہم اور اسٹریٹجک ملاقاتیں کریں گے، جبکہ کل وہ ‘شگر’ میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کر کے اپنی انتخابی مہم کا باقاعدہ اور طوفانی آغاز کریں گے۔
دوسری جانب، مسلم لیگ (ن) نے بھی پیپلز پارٹی کے خلاف جارحانہ جوابی حکمت عملی تیار کر لی ہے اور ن لیگ کی مرکزی قیادت آج گلگت بلتستان کے 3 مختلف مقامات پر بڑے عوامی اجتماعات کا انعقاد کر کے طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے فائر برینڈ رہنما خواجہ سعد رفیق سکردو میں، مرتضیٰ جاوید عباسی گلگت میں، جبکہ عابد شیر علی اور عابد رضا کوٹلہ دیامر میں بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کر کے سیاسی ماحول کو گرما رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق، گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کا یہ سلسلہ 5 جون کی رات 12 بجے تک جاری رہے گا، جس کے بعد ہر قسم کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے اس تاریخی اور فیصلہ کن معرکے کے لیے پولنگ 7 جون کو ہوگی، جس کے لیے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔









