
اسلام آباد: پاکستان سے سعودی عرب کے لیے حج پروازوں کا سلسلہ مسلسل اور بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق ابتدائی سات روز کے دوران 59 پروازوں کے ذریعے 15 ہزار 26 پاکستانی عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ ہفتے کے روز مزید آٹھ پروازوں کے ذریعے تقریباً 2 ہزار 200 عازمین کو مدینہ منورہ منتقل کیا جائے گا۔
حج انتظامات کے لیے وزارت مذہبی امور کے 80 اہلکار، حج میڈیکل مشن کے 50 جبکہ 134 دیگر سول ملازمین بطور خدام الحجاج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ یہ تمام اہلکار مختلف شعبوں میں 24 گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں جن میں کنٹرول آفس، ایئرپورٹ استقبالیہ، رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ، ریاض الجنہ، مکہ روانگی، گمشدہ اشیاء کی بازیابی، کال سینٹر اور شکایات سیل شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق اب تک 4 ہزار 611 عازمین حج کو ریاض الجنہ کی زیارت بھی کرائی جا چکی ہے۔
گمشدہ سامان کی تلاش و بازیابی کے شعبے نے ایک حاجی، 14 ویل چیئرز اور 673 بیگز تلاش کر کے متعلقہ افراد تک پہنچا دیے ہیں۔
اسی طرح پاکستان حج میڈیکل مشن نے 288 عازمین کو او پی ڈی، 5 کو ڈینٹل جبکہ 4 کو ای سی جی کی سہولت فراہم کی ہے۔
مدینہ منورہ پہنچنے والے ابتدائی قافلے کل مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے۔









