
(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج حج کے روح پرور اور بابرکت موقع پر امت مسلمہ اور بالخصوص فریضہ حج ادا کرنے والےوالےتمام حجاج کرام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیر اعظم نے پیغام میں کہا کہ حج کا مبارک دن عبادت گزاروں کے لئے اللہ تعالی کی رحمت اور فضل و کرم کے حصول کا بہترین موقع ہے۔اللہ تعالیٰ حاجیوں اور تمام مسلمانوں کی عبادات کو قبولیت عطاء فرماۓ اور اسلامی اقدار کو اپنی عملی زندگی میں رائج کرنے کی توفیق دے۔
انہوں نے کہا کہ حج کا پروقار اجتماع امت مسلمہ کے باہمی اتحاد اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو اجاگر کرتا ہے۔ اسی جذبہ محبت و ایثار اور باہمی تعاون میں اصل قومی اور اجتماعی ترقی و خوشحالی کا راز پنہاں ہے۔آج حج کی بابرکت اور مقدس ساعتوں میں پاکستان من حیث القوم دنیا بھر میں امن و سلامتی اور استحکام کے لیے دعا گو ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اللہ کے حضور دست بدعا ہیں کہ عالمی امن، عدل و انصاف، رواداری اور بھائی چارہ کی فضا کو تقویت ملے تاکہ فلاح انسانیت اور اجتماعی بھلائی کے لیے کام ہو سکے۔ آمین! حج مبارک!









